لاہور ہائیکورٹ:کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار

127

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کر دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے بہاولپور بار کے صدر کی درخواست پر 7 صفات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔تحریری فیصلے میں عدالت نے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا جیسی صورتحال پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پیدا ہوئی ہے، ایسی صورتحال میں کچھ فیصلے اور پالیسیز عوام کے لیے نئی ہو سکتی ہیں تاہم خوشی ہے کہ تمام حکومتی ادارے اپنے اقدامات میں غلطیوں کو تسلیم کر کے درست کر رہے ہیں اور آگے بڑھ رہے ہیں، تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے مطابق ہم محکموں کے سربراہان کو ذاتی حیثیت اور ذہنی طور پر عدالت میں مصروف نہیں رکھنا چاہتے، اس لیے حکام کو مخصوص ہدایات کے ساتھ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کی جا رہی ہے۔تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ خوراک اور امدادی رقم کی تقسیم کے وقت کوئی سیاسی اور سماجی امتیاز نہ اپنایا جائے، عدالت کو حکام سے باقاعدہ پالیسی اپنانے کی امید ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہمیں نا صرف قومی بلکہ انسانی مفاد میں ملکر کام کرنا ہو گا، تحریری حکم میں کہا گیا کہ عدالت امید کرتی ہے کہ سوشل، الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیاکورونا وائرس سے متعلق کوئی غیر ذمے داری کا مظاہر نہیں کرے گا،انہیں ادراک ہونا چاہیے کہ کوئی بھی غلط اطلاع معاشرے میں گھبراہٹ پیدا کر سکتی ہے۔