سندھ حکومت نے راشن فنڈ بڑھا کر ایک ارب 10 کروڑ کردیا

311

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے راشن فنڈ بڑھا کر ایک ارب 10کروڑ روپے کردیا‘ وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ لاک ڈائون بڑھنے کی صورت میں راشن اور رقوم بڑھا سکتے ہیں‘ وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو راشن فراہم کرنے کے لیے مزید 50 کروڑ روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ راشن کے فی بیگ میں کم سے کم 3 ہزار روپے سے زاید کی اشیا ہیں‘ راشن روز صبح سویرے اور رات کو دیر تک تقسیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 20 لاکھ لوگوں کو 3 ہزار روپے ایزی پیسہ سے منتقل کیے جائیں گے‘ پیر سے پیسوں کی منتقلی کا مرحلہ شروع ہو جائے گا‘ ہر یونین کونسل کے170 افراد کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے‘ لاک ڈائون بڑھنے کی صورت میں راشن اور رقوم بڑھا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ رقم اضلاع کی آبادی کی بنیاد پر مختص کی جائے گی ‘ سب سے بڑا حصہ کراچی کے لیے رکھا گیا ہے ‘ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، فنکشنل لیگ کے رہنمائوں سے رابطہ کیا ہے‘ تمام پارلیمانی لیڈرز سے تعاون اور تجاویز بھی مانگی ہیں۔