مشترکہ کاوشوں سے ہی کورونا کو شکست دی جاسکتی ہے،گورنر سندھ

65

کراچی(نمائند ہ جسارت)گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیرصدارت حکومت سندھ کی کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کمیٹی کا اجلاس گورنر ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالعلیم لاشاری، مشتاق چھاپرا اور ڈاکٹر عبدالباری نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کو موثر ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے کیونکہ یہ ہم سب کی جنگ ہے، اسے ہمیں مل کر لڑنا اور کورونا وائرس کو شکست دینا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مخیر حضرات کا تعاون متاثرہ خاندانوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں کو راشن کی فراہمی ایک دشوار چیلنج ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی نشاندہی کے لیے موثر میکنزم تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں بروقت امداد کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔