پی آئی اے کوجزوی طورپرعالمی پروازیں بحال کرنے کی اجازت

272

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے تمام قسم کی ڈومیسٹک شیڈول و بغیر شیڈول،چارٹرڈ اور نجی پروازوں کے آپریشن کی معطلی میں 11 اپریل کی رات 12 بجے تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پی آئی اے کو جزوی طور پر عالمی پروازیں بحال کرنے کی اجازت دی ہے ۔ پہلے مرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی، واپسی کی پروازوںمیں محدود تعداد میں پاکستانی مسافروں کو واپس لایا جائے گا تا کہ ان کا این آئی ایچ کی صلاحیت کے مطابق مربوط ٹیسٹنگ کی جاسکے۔ ٹورنٹو کے لیے فلائٹ آپریشن 3 اپریل سے جبکہ برطانیہ کے لیے 4 اپریل سے شروع ہو گا۔ واپسی میں تمام پروازیں صرف اسلام آباد ائر پورٹ پر لینڈ کریں گی۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق پروازیں اترنے کے بعد لاؤنج میں تمام مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا، اس کے بعد تمام مسافروں کو اسلام آباد میں6گھنٹے کے لیے مقامی ہوٹلوں میں رکھا جائے گا۔اس کے بعد جو مسافر کلیئر قرار پائیں گے انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی جائے گی جبکہ متاثر مسافروں کو قرنطینہ میں منتقل کردیا جائے گا ۔ پی آئی اے نے تمام پروازوں پر نشستوں کی بکنگ کو ویب سائٹ کے ذریعے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے نے کینیڈا اور برطانیہ کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت لی تھی مگر اس میں پی آئی اے نے بھی کئی گنا مہنگے ٹکٹ فروخت کرنے شروع کردیے تھے جبکہ پی آئی اے کے عملے نے بھی کرپشن شروع کردی تھی جس کے بعد حکومت نے مذکورہ خصوصی پروازوں کے اجازت نامے منسوخ کردیے تھے ۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ سے گلگت اور اسکردو ائر پورٹ کے پروازیں اپنے معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ فضائی آپریشن میں معطلی میں توسیع کا اطلاق کارگو اور ان خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا جن کی منظوری خصوصی اجازت کے تحت ہوں گے۔پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے وہ سفر سے پہلے ماسک پہن کر آئیں، اس کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔