سینیٹرسراج الحق نے 7 سو بلین کے سکوک بانڈز پر سوالات اٹھا دیے

888

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت نے 7 سو بلین کے سکوک بانڈز جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، واضح کیا جائے کہ وہ کون سے اثاثہ جات ہیں جن کی بنیاد پر یہ بانڈز جاری کیے جارہے ہیں ۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹرسراج الحق نے کہاکہ امدادی فنڈز کی تقسیم صاف و شفاف نہ ہوئی تووہی مسائل پیدا ہونگے جو ماضی میں پیدا ہوتے اور خورد برد کے الزامات لگتے تھے وہی موجودہ حکومت کے حصہ میں آئیں گے اور لوگ فنڈز کی تقسیم پر انگلیاں اٹھائیں گے ، حکومت بتائے کہ امدادی رقوم کی تقسیم کی شفافیت پر اٹھنے والے سوالات کا کیا جواب دے گی۔

سینیٹرسراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے 12سو بلین کی امداد کو ایک کروڑ20 لاکھ خاندانوں میں تقسیم کرنے کا جو اعلان کیا ہے اس کا طریقہ کار واضح نہیں ۔امدادی فنڈز کی تقسیم صاف و شفاف اورغیر جانبدار ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کی تقسیم کا بہترین طریقہ یہ تھا کہ مردم شماری کرنے والے عملہ جس میں فوج اوراساتذہ شامل تھے، اس کے ذریعے اس پورے پروسس کو مکمل کیا جاتا۔

انہوں نے کہا ہے کہ امدادی رقوم کی تقسیم کے لیے مختلف شہروں اور علاقوں کے مقامی رہنماؤں کے ذریعے پی ٹی آئی کے ورکروں کے شناختی کارڈز اکٹھے کیے جارہے ہیں۔اس سے ان خدشات کو تقویت ملتی ہے کہ فنڈز کی تقسیم کو آنے والے الیکشن میں استعمال کیا جائے گا ۔