لاک ڈائون ، سبزی منڈیوں میں مزید سختی کرنے کا فیصلہ

127

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں لاک ڈاؤن کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکومتِ سندھ نے صوبے بھر کی سبزی منڈیوں میں مزید سختی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ صوبے کی تمام سبزی منڈیاں دن 12 بجے سے رات 12 تک بند رہیں گی۔انہوں نے بتایا کہ سبزی منڈیاں 24 میں سے 12 گھنٹے کھلی رہیں گی، اوقات کار کم ہونے سے پھل اور سبزی کی ترسیل پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔کراچی کی سبزی منڈیوں میں آکشن اور پھلوں وسبزیوں کی خرید بھی دن 12 بجے تک کی جا سکے گی۔لاک ڈاؤن میں مزید سختی کے فیصلے کا مقصد سبزی منڈیوں سے کورونا وائرس پھیلنے سے خریداروں اور مزدوروں کو محفوظ رکھنا ہے۔ اسماعیل راہو نے بتایا کہ منڈیوں میں غیر ضروری رش اور ہجوم پر پہلے ہی پابندی ہے، تمام مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمینز و منتظمین حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شہری، مزدور، کسان گھر میں رہیں اور اپنا خیال رکھیں، غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔سبزی اور پھلوں کی خریداری یا آکشن کے دوران رش یا ہجوم نہ کیا جائے، سبزی منڈیوں میں حفاظتی تدابیر پر عمل یقینی بنایا جائے۔ سبزی منڈیوں میں سینی ٹائزر اور ماسک فراہم کردیے گئے ہیں، صفائی ستھرائی کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بند رہنے والے 12 گھنٹے کے دوران منڈیوں میں صفائی اور جراثیم کش اسپرے کیے جائیں، تمام انتظامات کی چئیرمینز اور ایڈمنسٹریٹرز خود نگرانی کریں۔