جھڈو، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے احکامات کو حیسکو نے ہوا میں اڑا دیا

153

جھڈو (نمائندہ جسارت) لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکومتی احکامات کے باوجود جھڈو میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا بحران سنگین ہوگیا ہے، جس پر صارفین نے شدید احتجاج کیا ہے، لاک ڈائون کے دوران حکومت کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے احکامات کو حیسکو نے ہوا میں اڑا دیا، شہری اور نواحی علاقوں میں روزانہ کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس سے شہری شدید پریشان ہیں، صارفین نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جھڈو میں بجلی کا بحران ختم ہونے کے بجائے شدید تر ہوگیا ہے اور حیسکو کے ستم بدستور جاری ہیں۔ کورونا ایمرجنسی اورلاک ڈائون کے باعث حکومت نے ملک بھر میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرکے 24 گھنٹے بجلی بحالی کے احکامات جاری کیے ہیں لیکن حسیکو نے جھڈو میں حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے کئی کئی گھنٹوں تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش سے گھروں میں محصور شہریوں کے لیے معلومات اور تفریح کے ذرائع جن میں کیبل ٹی وی، انٹرنیٹ بند ہوجاتی ہیں اس کے علاوہ گرمی بڑھنے سے اکثر شہری گھروں سے باہر کا رخ کرتے ہیں جوکہ موجودہ صورت حال میں کسی طور مناسب نہیں۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ جھڈو اور نواحی علاقوں میں گھنٹوں جاری رہنے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے۔