عوام اپنا وقت گھروں میں گزاریں علمائے کرام کی اپیل

252

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان علماء کونسل، دارالافتاء پاکستان اور ملک بھر کے علماء و مشائخ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا وقت گھروں میں گزاریں اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے،بیمار ، ضعیف اور کورونا وائرس کے مشتبہ افراد مساجد میں نہ آئیں۔جمعرات کو مشترکہ بیان میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، پیر نقیب الرحمان ، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، مولانا محمد خان لغاری ، قاری جاوید اختر قادری ، مولانا محمد حنیف بھٹی ، علامہ سید سجاد نقوی ، علامہ غلام اکبر ساقی ، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جاری ، مولانا نعمان حاشر ، قاضی مطیع اللہ سعیدی ، علامہ عبدالکریم ندیم اور دیگر نے کہا کہ اس نا گہانی صورتحال کے پیش نظر پوری قوم کثرت سے استغفار ، آیت کریمہ اور درود شریف کاوردکرے ۔انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان صلو توبہ کے نوافل ادا کرے اور خود کو اللہ کریم کے سامنے سرنڈر کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی توبہ کرے۔ بزرگ اور مریض نماز جمعہ کے لیے مساجد میں نہ جائیں ،گھر پر ہی نمازظہر ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز نے تشویش ناک صورتحال پیدا کردی ہے،اس لیے ہر شہری احتیاطی تدابیر اور علماء کی رائے پر عمل کرے۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس لاک ڈاون کی مکمل پابندی کریں اور نماز جمعہ کے لیے آنے والوں کو مساجد میں داخل ہونے سے قبل سینیٹائزر لگایا جائے، مساجد سے قالین اور چٹائیاں فوری طور پر اٹھا دی جائیں ،مساجد کی سطح پرغریبوں اور دیہاڑی دار افراد کی امداد کے لیے کھانے پینے کی اشیاء کے پیکج بنائیں جائیں۔