پیٹرول نرخ میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں،حافظ طاہر مجید

167

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے باعث عوام مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ ہیں۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی اعلان اور دعوئوں کے باوجود آٹا، دال، چاول، گھی، دودھ اور سبزی و دیگر اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی جو غریب عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے ثمرات غریب عوام تک پہنچانے کے بجائے وفاقی حکومت اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم نرخوںمیں کم از کم 20 روپے فی لیٹر کمی کر کے عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔ صنعتکار و تاجر برادری از خود اشیا کی قیمتوں میں کمی کریں خصوصاً اشیائے خور و نوش پر عوام کو فائدہ دیا جائے،حکومت واسا،بلدیہ ،دکانوں اور نجی اداروںپرکام کرنے والوں کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائے۔ بلدیہ،کینٹ اور ضلعی انتظامیہ ہنگامی بنیاد پر صفائی اور اسپرے کرے،منافع خور اور ذخیرہ اندوز معاشرے کے مجرم ہیں انہیںعبرتناک سزائیں دی جائے۔انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ ضلع بھرمیں ہنگامی بنیاد پر صفائی یقینی بنائے اور جراثیم کش اسپرے کرے،چوراہوں،شاہراؤں،اناج منڈی،سبزی و فروٹ منڈی،اسپتالوں اور مساجد میں سینیٹائزرز رکھے جائیں۔انھوں نے کہا کہ واسا اور بلدیہ ملازمین کی کئی مہینوں کی تنخواہیں اور پنشن رکی ہوئی ہیں فوری طور پر ادا کی جائیں تاکہ چھوٹے ملازمین اپنا گزر بسر کرسکیں۔