لاڑکانہ، لیبر کالونی کے رہائشیوں کا کوارنٹین سینٹر کیخلاف احتجاج

131

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لیبر کالونی میں رہائش پذیر رہائشیوں نے ممکنہ طور پر لیبر کالونی کو کورونا وائرس کوارنٹین میں تبدیل کرنے کیخلاف آریجا پھیڑہو روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا، جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ش ب لیڈیز ونگ کی رہنما آپا پروین چانڈیو، رہائشیوں نذیر احمد، مختار سانگی، ندیم کلہوڑو و دیگر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لیبر کالونی میں کورونا وائرس کوارنٹین اور آئیسولیشن وارڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے 200 سے زائد رہائشی سخت متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ہمیں اچانک ہدایت کی گئی کہ اپنے گھروں کو خالی کریں جبکہ ترقی پذیر ممالک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے شہری آبادی سے دور کوارٹین اور آئیسولیشن وارڈ قائم کیے جارہے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ شہری آبادی میں ایسے کوارنٹین اور وارڈ قائم کرکے اس وائرس کو مزید بڑھانا چاہتی ہے جس سے ہمارے مرد، خواتین اور بچے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، محکمہ صحت کی صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا پیچوہو و دیگر سے اپیل کی کہ فیصلے پر نظر ثانی کرکے شہر سے دور کوارنٹین اور آئیسولیشن وارڈ قائم کیے جائیں تاکہ شہری آبادی متاثر نہ ہو۔