سجاول، پولیس کا بازاروں میں گشت، 13 افراد کو گرفتار کرلیا

124

سجاول (نمائندہ جسارت) ضلع میں لاک ڈائون پر عمل نہ کرنے کے الزام میں سجاول پولیس نے شہر کے مختلف بازاروں میں گشت کے دوران 13 افراد کو گرفتار کرکے ڈیوٹی میں رکاوٹ کے مقدمے کے تحت چالان کردیا ہے جن میں ہوٹل ملازمین اور مزدور شامل ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سجاول پولیس نے کسی بھی بڑے تاجر کو گرفتار نہیں کیا بلکہ مزدور طبقے کے افراد کو گرفتار کرکے سجاول پولیس نے غریبوں پر ظلم کی انتہا کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان غریبوں کے چلان سیشن کورٹ ٹھٹھہ میں پیش کیے گئے ہیں جن کے لیے ضمانت پر ہزاروں روپے خرچ ہوں گے اور ان کے خاندان لاک ڈائون کی صورت میں فاقہ کشی کا شکار ہوں گے۔ متاثرہ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ ایس ایس پی سجاول، ایس ایچ او اور پولیس کے دیگر اہلکاروں کیخلاف انکوائری کرائی جائے اور غیر قانونی طور پر مزدور اور غریب طبقے کے افراد کو زبردستی قانون کی گرفت میں لانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔