وفاقی حکومت کی نااہلی کے سبب پاکستان میں کورونا وائرس پھیل گیا، نوید قمر

164

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت کی نااہلی کے سبب پاکستان میں کورونا وائرس پھیل گیا۔ سید قاسم نوید قمر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے فوکل پرسن برائے ٹنڈو محمد خان سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے وفاقی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ملک میں کورونا وائرس پھیل گیا ہے کیونکہ وفاقی حکومت نے سرحدی چیک پوسٹوں اور ہوائی اڈوں پر کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے اور ایران اور دیگر ممالک سے آنے والے زائرین کو مناسب اسکریننگ کے بغیر ملک میں داخل ہونے دیا گیا جس سے صورتحال خراب ہوئی۔ یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی کے اراکین سید اعجاز شاہ بخاری ، عبد الکریم سومرو ، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی ، ایس ایس پی عابد بلوچ ، ڈی ایچ او یوسف جوہجو اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ ایک اجلاس اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں آئسولیشن وارڈز کا دورہ کرنے کے بعد ٹنڈو محمد خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خطاب سے قوم کو بڑی امیدیں وابستہ تھیں لیکن یہ سراسر مایوس کن رہا ہے کیونکہ انہوں نے خطرناک صورتحال سے نمٹنے کے لیے کسی بھی قسم کے ٹھوس اقدامات کا اعلان نہیں کیا۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ تاہم حکومت سندھ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے مثالی اقدامات کیے ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنی کابینہ کے اراکین کے ساتھ دن رات مصروف ہیں اور وہ کورونا وائرس کے خلاف عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان کے سرکاری اسپتالوں میں متعدد آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں اور ہم ضلع میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی بھی شناخت کررہے تھے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ خود کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل کریں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کے اپنے دورے کے دوران انہیں بتایا گیا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان میں چھ آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں اور تمام طبی سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔