پارلیمانی کمیٹی برائے انسداد کورونا وائرس کی تشکیل کیلیے حکومت کے اپوزیشن سے رابطے

129

اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے انسداد کورونا وائرس کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کردیے، تمام متعلقہ پارلیمانی جماعتوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ پارلیمانی جماعتوں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس اہم معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بااختیار ہوگی اور پارلیمنٹ کی تجاویز اور سفارشات پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے
گا۔تمام اداروں کی کاوشوں سے کمیٹی کو اعتمادمیں لیا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری،ایم ایم اے کے پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمود،(ن)لیگ کے سینئر رہنما و چیئرمین پارلیمانی پبلک اکائونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ،خواجہ آصف اور دیگر سے جمعہ کورابطے کیے اوران سے کمیٹی کے لیے نامزدگیاں مانگ لی ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے پارلیمانی کاوشوں کے سلسلے میں متحرک ہوگئے ہیں اور اس اہم چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کا کام شروع کردیا ہے ۔ گزشتہ روز متذکرہ رہنمائوں سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے رابطے کیے ۔ ان رہنمائوں سے اسپیکر قومی اسمبلی نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حکومتی کاوشوں کی نگرانی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے پر مشاورت کی۔چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول زرداری سمیت دیگر رہنمائوں نے کہاکہ اس وبا کے پھیلائو کوروکنے کے لیے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر تعاون کیا جائے گا۔ سیاسی جماعتوں نے پوری قوم کو بھی یہ پیغام دیا ہے کہ سیاسی قیادت اس معاملے پر متحد ہے۔ بلاول زرداری نے اسپیکر قومی اسمبلی کی اس معاملے پر مشترکہ کاوشوں کی تجویز سے اتفاق کیا اورکہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بلا تفریق ہم متحد ہوں اس قومی مسئلے پر پیپلزپارٹی ہر ممکن تعاون کرے گی۔