حب کینال سے کراچی کویومیہ 100ملین گیلن پانی کی فراہمی بحال

149

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈسید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر واٹربورڈ نے حب ڈیم سے کراچی کوپانی فراہم کرنے والی حب کینال کی صفائی اور مرمت کرکے کراچی کو یومیہ100ملین گیلن پانی کی فراہمی بحال کردی ہے ،ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان نے حب کینال کی مکمل صفائی پر ٹاسک فورس کو مبارکباد دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ نے ایم ڈی واٹربورڈ کو ہدایات د ی تھیں کہ موسم گرما کے وسط سے قبل کراچی کو حب ڈیم سے پانی فراہم کرنے والی حب کینال کی صفائی اور مرمت کرکے اس کی 100ملین گیلن پانی فراہم کرنے کی گنجائش بحال کی جائے تاکہ شہر کراچی خصوصاًضلع غربی کے مکینوں کو گرمیوں کے موسم میں پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے ، ان احکامات پر ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی تھی ،ٹاسک فورس نے ایم ڈی واٹربورڈ کے دیے گئے ہدف کی تکمیل کیلیے دن رات کام کرکے حب کینال کے واٹربورڈ کے زیر انتظام22کلومیٹر طویل رقبے سمیت واپڈاکے زیر انتظام 7کلومیٹر رقبہ سے سیکڑوں ٹن وزنی خودروپودے ،کائی ،پتھر ،گھاس اور دیگر اشیاء نکال کر کینال کو مکمل صاف کردیا ہے،جبکہ کمزور پشتوں کی مرمت کرکے انہیں بھی مضبوط کردیا ہے۔