ترقی پذیر اور غریب ممالک کو کورونا سے نمٹنے کے لیے فنڈ دیا جائے، انور زیب

115

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر لالہ انور زیب خان یوسف زئی نے کہا ہے کہ ترقی پذیر اور غریب ممالک کو کورونا وائرس کیخلاف اقدامات کرنے کے لیے قرض دینے والے عالمی اداروں کو عالمی فنڈ قائم کرنے کی فوری ضرورت ناگزیر ہے۔ بصورت دیگر کمزور معاشی حالات اور عدم وسائل والے ممالک اس کے پھیلاؤ میں ناکام ہوسکتے ہیں، خدانخواستہ ایسا ہوا تو یہ وبا ایک خطرناک صورت میں سامنے آکر قوم کو ختم نہ ہونے والے خوف میں مبتلا کرسکتی ہے۔ اس طرح امکانی پہلو ہے کہ اس کے خطرناک نتائج پوری دنیا کو یکساں بھگتنے پڑ جائیں گے۔ دوسری جانب حکومت وقت کو اس صورتحال میں موقع پرستوں کو کنٹرول کرنے کی اشدضرورت ہے۔ اس ضمن میں میڈیا کو اپنے مثبت کردار کو سامنے لانے کی سعی کرنی چاہیے اس حوالے سے خبروں کو سنسنی خیز بناکر بار بار نشر کرنے سے لوگوں میں خوف کی فضاء قائم کرنے سے میڈیا کو اجتناب کرنے کی پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔ شفاف صحافتی اقدار کے ترجمان میڈیا کو زیب نہیں دیتا کہ وہ محض ریٹنگ بڑھانے کے لیے عوام کو خوف اور ذہنی پریشانی میں مبتلا کرے، میڈیا کی اولین ترجیح لوگوں میں حوصلہ، ہمت اور بے خوفی کو اجاگر کرنے کے ساتھ شعوری بیداری اور اس وبا سے احتیاط کی آگاہی کو بطور تحریک چلاکر اپنا قومی اور انسانی فلاح کا فریضہ انجام دینا چاہیے، مثبت انداز فکر کے ساتھ لوگوں کو پرسکون زندگی کی طرف مائل کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔