میرپور خاص،وفاق کا اعلان نظر انداز ،نادرا دفاتر کھلے رہے

275

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) نادرا کی جانب سے گزشتہ سال ستمبر میں معیاد ختم ہونے والے شناختی کارڈز کی رواں سال یکم جولائی تک توسیع کرنے کے باوجود کورونا وائرس سے بچائو کے لیے نادرا دفاتر کو بند نہیں کیا، تمام نادرا دفاتر میں شناختی کارڈز بنوانے والوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے وائرس پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ شہری حلقوں نے تمام اضلاع کے نادرا دفاتر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پوری دنیا میں ان دنوں کورونا وائرس نے خوف میں مبتلا کر رکھا ہے اور دنیا بھر میں اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے پاکستان میں بھی تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے علاوہ پبلک مقامات پر اجتماعات قائم کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ حکومت سندھ نے تمام اداروں کو بند کر دیا ہے لیکن ملک کے تمام اضلاع میں نادرا دفاتر کو بند نہیں کیا گیا ہے اور نادرا دفاتر میں شناختی کارڈز بنوانے والے افراد کی لائنیں لگی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ نیشنل ڈیٹا رجسٹریشن اتھارٹی نے گزشتہ سال ستمبر میں شناختی کارڈز کی معیاد ختم ہونے والے شناختی کارڈز کو رواں سال یکم جولائی تک توسیع کردی ہے، اس کے باوجود ملک بھر کے نادرا دفاتر کو بند نہیں کیا گیا ہے۔ میرپورخاص کے شہری اور سماجی حلقوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ملک کے تمام نادرا دفاتر کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ عوام کو اس موذی بیماری سے بچایا جاسکے۔