حیدرآباد:سوزوکی ٹیکسی ڈرائیور یونین کا احتجاج ،نقل وحمل میں مشکلات

186

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سوزوکی، ٹیکسی ڈرائیور یونین حیدرآباد کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی بھتا خوری کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ اہلکاروں کیخلاف فی الفور کارروائی کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر غلام شبیر پنہور نے الزام عائد کیا کہ لوڈنگ پاس سوزوکی روٹ پرمٹ کے تحت چلائی جارہی ہیں، ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے، جبکہ کوٹری میں اللہ والا چوک پر ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکار سرعام سوزوکی ڈرائیوروں سے روزانہ کی بنیاد پر بھتا وصول کررہے ہیں، ہم نے ٹریفک انچارج کو بھی ان کی شکایت کی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی، جس کے سبب نقل و حمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی حیدر آباد سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ پولیس اہلکاروں کیخلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔