اسرائیل نے سوڈان کی فضائی حدود کا استعمال شروع کر دیا

297

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے سوڈانی فضائی حدود کے باقاعدہ استعما ل کی تصدیق کردی۔ تل ابیب حکومت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اسرائیلی فضائی کمپنیوں نے سوڈان کی فضائی حدود کا باضابطہ استعمال شروع کردیا ہے۔ صہیونی حکام کا کہنا تھا کہ انہیں سوڈان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی پوری آزادی حاصل ہے اور خرطوم حکومت کی جانب سے اس پر کسی قسم کی روک تھام نہیں ہے۔ عبرانی اخبار یدیعوت احرونوت کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے سوڈان کی خود مختار کونسل کی جانب سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت پر خرطوم حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سوڈان نے اسرائیل کو اپنی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ فروری میں سوڈانی خود مختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے یوگنڈا میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کی تھی،جس کے بعد دونوں حکومتوں کے درمیان تعلقات تیزی سے پروان چڑھ رہے ہیں۔اس ملاقات کے حوالے سے نیتن یاہو نے ایک بیان میںکہا تھا کہ اسرائیل بڑے طریقے سے افریقا کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بیت المقدس میں سفارت خانے کھولنے پر زوردیا تھا۔