حکومت کے کورونا وائرس کی روک تھام کیلیے عوامی سطح پر اقدامات ناکافی ہیں

182

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلیے حفاظتی تدابیر کے ساتھ قوم اجتماعی توبہ کرے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کیلیے گلی محلے کی سطح پر اقدامات اور آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔ حکومت کے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عوامی سطح پر اقدامات ناکافی ہیں۔ فیس ماسک، سینی ٹائزر مارکیٹوں میں نایاب اور جہاں دستیاب ہیں وہاں ان کی قیمت عام آدمی کی پہنچ دور ہے جس سے حکومتی دعووں کی کلی کھل کر پوری قوم کے سامنے آگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ماہانہ تنظیمی اجلاس میں عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلا ق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری، ملک شاہد اسلم، اظہر بلال، ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد، مرزا عبدالرشید، عمر شہباز، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف ، سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور قدیر شکیل سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمران مشکل وقت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر ہونے کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی جو قابل مذمت ہے۔ ستر سال سے مسلسل نااہل حکمرانوں کا قوم پر مسلط ہونا اجتماعی سطح پر ہماری بد اعمالیوں کا نتیجہ ہے اور ان حکمرانوں کی طرز حکمرانی نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کورونا وائرس کی تباہ کاری پر اپنا قبلہ درست کرنے کی بجائے اپنا مال پانی بنانے میں مصروف عمل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پر 2 کروڑ ماسک بیرون ملک اسمگل کرنا شرمناک اور قابل مذمت امر ہے جس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس سے بچائو کیلیے مارکیٹ میں فیس ماسک، سینی ٹائزر کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کیلیے ابھی سے وارڈز اور علاج معالجہکی سہولیات فراہم کی جائیں ۔