ناموس رسالت ﷺ قانون کیخلاف ملعونہ آسیہ کی مہم قابل مذمت ہے ، جاوید قصوری

256

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملعونہ آسیہ مسیح کا فرانس میں بیٹھ کر توہین رسالت ؐ قانون کیخلاف مہم چلانے کا اعلان انتہائی قابل مذمت اور ان حکمرانوں کے منہ پر زور دار تھپڑ ہے جنہوں نے اس کو راتوں رات باہر بھجوا دیا تھا۔ گستاخ رسول نے ہرزہ سرائی شروع کردی ہے۔ توہین رسالت قانون کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس کیخلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا، یہاں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کا نظام حیات ہی لاگو ہوسکتا ہے۔ کسی کو یہ اختیار نہیں دیا جاسکتا کہ وہ قرآن و سنت سے بغاوت کرے اور اسلامی معاشرے میں مقدس ہستیوں کی توہین کرتا پھرے۔ اسلام امن و آشتی کا دین جو اقلیتوں کے حقوق کامکمل خیال رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ملک میں تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے اسلام دشمن عناصر اور قادیانیوں کی سرگرمیاں بہت بڑھ چکی ہیں۔ مختلف حیلوں بہانوں سے ختم نبوت قانون کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کی سازشیں حد سے بڑھ چکی ہیں۔ پوری قوم بلا کسی تفریق کے عقیدہ ختم نبوت پر متحد ہے اور ہر سازش کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار بھی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمران بھی ماضی کے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کا نعرہ لگانے والوں نے ملک کو عقیدہ ختم نبوت قانون میں ترمیم کرنے والوں کی سازشوں کا گڑھ بنا دیا ہے۔ یہ ملک و قوم کی بد نصیبی ہے کہ ایسے حکمران مسلط ہیں، جن میں اہلیت او وژن نام کی کوئی چیز نہیں۔