کورونا وائرس کے خوف کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اہم ہے ، ذکر اللہ مجاہد

194

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور و صدر گورننگ باڈی ثریا عظیم (وقف) اسپتال ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ کورونا وائرس کے خوف و ہراس کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اہم ہے۔ ثریا عظیم (وقف) اسپتال نے لاہور کے لوگوں میں کورونا وائرس آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔ ثریا عظیم (وقف) اسپتال کی رضاکار ٹیمیں لاہور کے مختلف بڑے چوکوں اور شاہراہوں پر لوگوں کو آگاہی دیں گی۔ اسلام کے سنہری اصولوں پر چلنے والے افراد ان وبائوں سے خود ہی محفوظ ہوجاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم (وقف) اسپتال میں جان لیوا کورونا وائرس کی آگاہی مہم کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری گورننگ باڈی ثریا عظیم (وقف) اسپتال افتخار احمد چودھری، ایم ایس ثریا عظیم (وقف) اسپتال پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبد العزیز عابد، فیاض احمد فیضی، محسن بشیر، انچارج کورونا وائرس آگاہی مہم ثریا عظیم (وقف) اسپتال محمد اویس سرور و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اپنے ہاتھوں کو مسلسل دھوتے رہنا گندگی سے اپنے آپ کو بچانا، چھینکنے اور تھوکنے میں احتیاط کرنے سے اس جان لیوا وائرس سے بچایا جاسکتا ہے۔ ثریا عظیم (وقف) اسپتال اس وائرس کے وعلاج معالجے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کی قیمتوں میں سیکڑوں گنا اضافہ قابل مذمت ہے۔ حکومت اس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر انتظام چلنے واے ثریا عظیم (وقف) اسپتال کورونا وائرس کے سدباب کے لیے حکومت سے ہرطرح کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ جماعت اسلامی کا ہر فرد خدمت خلق کے لیے اپنے آپ کو پیش کرتا ہے۔