بدین، نقد اور موٹر سائیکل چھیننے والے 3 ملزمان گرفتار

238

بدین (نمائندہ جسارت) بدین پولیس نے نقدی اور موٹر سائیکل چھیننے والے 3 ملزمان کو مالِ مسروقہ اور اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ گزشتہ رات بدین کے شہری راحیل کھٹی سے 3 مسلح ملزمان 26000 روپے نقدی اور ایک عدد موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے، بدین پولیس کے تعاقب پر ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے کینٹ روڈ کی جانب فرار ہوئے، کینٹ گیٹ پر تعینات ملٹری پولیس نے ملزمان کو روک لیا، جس دوران ایس ایچ او بدین محمد انور لغاری اور چوکی انچارج ٹائون محمد سالم کھوسہ نے موقع پر پہنچ کر تینوں ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ اور ایک موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے مالِ مسروقہ 26000 روپے نقدی اور ایک عدد موبائل فون برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم علی احمد ملاح سکنہ ملاکاتیار ضلع ٹنڈو محمد خان سے ایک پستول 30 بور اور 2 عدد رائونڈ جبکہ ملزم شہزاد علی تھیبو سکنہ رپ شریف تحصیل تلہار کے قبضے سے ایک پستول 30 بور اور 3 عدد رائونڈ برآمد کرلیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی، جس کے متعلق گرفتار ملزمان نے پولیس کو ابتدائی انٹرو گیشن کے دوران بتایا کہ یہ موٹر سائیکل انہوں نے ضلع ٹنڈو محمد خان کی حدود سے چھینی تھی۔ پولیس نے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے اور بدین کے شہری سے نقدی لوٹنے کے دفعات کے تحت تھانہ بدین پر مقدمات درج کر کے ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔