گورنر سندھ سے ڈی جی میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی ملاقات

549

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل محمد شعیب نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے،

ملاقات میں پاکستانی سمندری حدود کے تحفظ، اس ضمن میں میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے کردار، اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں ایجنسی کی اہمیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،

گورنر سندھ نے کہا کہ انسانوں اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ضمن میں میری ٹائم سیکورٹی اہم خدمات انجام دے رہی ہے اور اس کی موجودگی کے باعث پاکستانی سمندری حدود ایسے جرائم سے محفوظ ہیں،

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے ساتھ ایجنسی کا قریبی تعاون بھی قابل تحسین ہے کیونکہ جرائم کے خاتمے میں باہم مربوط اور مشترکہ کاوشیں اہم کردار ادا کرتی ہیں،

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی ماہی گیری کے کنٹرول میں بھی میری ٹائم اہم کردار ادا کررہی ہے جس سے پاکستانی ماہی گیروں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم ہو رہے ہیں،

ریئر ایڈمرل محمد شعیب نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی سمندر کی پولیس کا کام کرتی ہے اور کئی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی سمندری حدود کی نگرانی کا فریضہ احسن طریقہ سے انجام دے رہی ہے۔