ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کروانا پڑیگا،چیئر مین پی سی بی

589

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہی ہے  مگرایشیا کپ ہمیں نیوٹرل وینیو پر کروانا پڑےگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نےکہاکہ پاکستان سپر لیگ پاکستان میں کرنا ایک بہت بڑا چیلنج تھا،پی سی بی نے چھوٹے قدموں سے پاکستان سپر لیگ کا پوری طرح انعقاد پاکستان میں کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے چیلنج تھا کہ پاکستان میں دس سال سےانٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی تھی، ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال پشاور میں پی ایس ایل کھیلا جائے،وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ پوری طرح پاکستان میں لائے،صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ پاکستان میں دیگر سپورٹس کے لیے بھی کام کرنا ہوگا۔

احسان مانی نے کہا کہ ایشیاکپ بھارت یا پاکستان کا نہیں بلکہ تمام ایشن کرکٹ کونسل کے ممبران کا معاملہ ہے،ایشیاکپ کی میٹنگ کرونا وائرس کی وجہ سے ایک مہینے کے لیے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے،اگر بھارت کے ساتھ سیریز ہوتی تو میں ضرور زور دیتا کہ بھارت پاکستان آکر کھیلے۔

چیئر مین پی سی بی  نے کہا کہ ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہی ہے تاہم ایشیا کپ ہمیں نیوٹرل وینیو پر کروانا پڑے گا، اگرایشیا کپ کی میزبانی پاکستان میں کروانے کی ضد رکھی تو بھارت نہیں آئے گا، بھارتی کرکٹ بورڈ جو مرضی کہے ہمیں اس کی پروا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ویسٹ انڈیز ٹیم کو پاکستان لانے کے لیے ماضی میں ہرکھلاڑی کو 25, 25 ہزارڈالرز ادا کیے گئے تاہم آج پی سی بی نے کسی غیرملکی پلیئر کو پاکستان آنے کے لیے اضافی قیمت ادا نہیں کی۔