تھر کے عوام نعمت اللہ خان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کرسکتے، حسین محنتی

323

تھرپارکر(نامہ نگار)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نعمت اللہ خان نے غربت و افلاس کے مارے پیاسے تھر کی تقدیر بدلنے کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔تھر الخدمت اسپتال، پانی کے کنویں اور چونرا اسکول کے ذریعے تھر کے عوام کی قسمت بدلنے کی کوشش کی۔ جن کی خدمات کراچی سمیت پورے ملک خاص طورپر تھرکے عوام فراموش نہیں کرسکتے۔نعمت اللہ خان ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک کردار تحریک اور جہد مسلسل کا نام ہے جس نے اپنی پوری زندگی حق کے غلبے بدی کے خاتمے اور انسانیت کی بے لوث خدمت میں خرچ کردی۔مرحوم نعمت اللہ خان سے محبت و عقیدت کا تقاضا ہے کہ تھر میں دعوت دین کی جدوجہد اور انسانیت کی خدمت والے مشن کو آگے بڑھایا جائے تاکہ ان کی روح کو راحت مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت المرکز اسلامی مسلم کالونی مٹھی میں مرحوم نعمت اللہ خان کی یاد میںمنعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع تھرپارکر میر محمد بلیدی، الخدمت کے صدر محمد ایوب چارو، قیم ضلع عبدالباسط چارو، عبدالماجد کمبہار ودیگر مقامی ذمے داران نے بھی نعمت اللہ خان کی زندگی و کردار پرروشنی ڈالی۔قبل ازیں قرآن خوانی اور ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔مولانا میرمحمد بلیدی نے اپنے خطاب میں کہاکہ نعمت اللہ خان نے تھرپارکر میں افراد سازی اور رضائے الٰہی کی خاطر اپنی زندگی قربان کرنے والی ٹیم تیار کی۔ جو لوگ دین کے غلبے کے لیے کام کرتے ہیں وہ آزمائش سے ضرور گزرتے ہیں مگر دنیا و آخرت کی کامیابی ان کا مقدر بنے گی۔