کورونا وائرس کے علاج کیلیے سہولیات فراہم کی جائیں، صلاح الدین

228

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کے رکن قومی اسمبلی محمد صلاح الدین نے لیاقت یونیورسٹی اسپتال انتظامیہ کے ہمراہ سول اسپتال حیدر آباد میں قائم کورونا وائرس کے لیے بنائے گئے آئیسولیشن وارڈ اور بچوں کے جدید طرز کے ایمرجنسی وارڈ سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو، ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شوکت لاکھو، اے ایم ایس ڈاکٹر محمد شاہد جونیجو، اے ایم ایس ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ، ڈاکٹر نعیم میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے کہاکہ اسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کے نتیجے میںاسپتال میں خاصے ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں جس کے بعد یہ محسوس نہیں ہوتا کہ یہ سرکاری اسپتال ہے، اسپتال میں صفائی ستھرائی کے علاوہ علاج معالجے کی صورتحال بھی تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول اسپتال حیدرآباد حیدرآباد بلکہ دیگر اضلاع سے علاج کے لیے آنے والے غریب مریضوں کی امید کا محور ہے، مہنگائی کے اس دور میں اب علاج معالجہ بھی غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا ہے ایسے میں سول اسپتال کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے، اسپتال میں نہ صرف علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی گئی ہیں بلکہ ایم آر آئی، سی ٹی اسکین سمیت پتھالوجی ٹیسٹ بھی مفت کیے جا رہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس تیزی سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اس لیے سول اسپتال حیدرآبا د میں بھی اس کے ممکنہ علاج کے لیے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو نے رکن قومی اسمبلی اور ان کے ساتھ آنے والے یوسی چیئرمینوں کو اسپتال میں مریضوں کو علاج کے لیے دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بتایا۔