چانڈ کا میڈیکل کالج کے ینگ ڈاکٹرز کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پراحتجاج

138

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ 10 ماہ کی تنخواہیں ادا نہ کرنے کے خلاف چانڈکا میڈیکل کالج گیٹ کے سامنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھاکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ارشاد ابڑو، ڈاکٹر شاہ جہاں بگھیواور ڈاکٹر سجاد چنا و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم چانڈکا اسپتال کے زیر نگرانی اسپتال میں دن اور رات کے اوقات میں ایمانداری سے ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں 10 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جا رہیں جس کے باعث ہمیں اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چند روز قبل صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرہ فضل پیچوہو کو شکایت کی جنہوں نے یقین دہانی کروائی تاہم اس وقت تک تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، محکمہ صحت کے صوبائی وزیر و دیگر سے اپیل کی کہ تنخواہیں جاری کرکے انصاف فراہم کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔