ٹھٹھہ، گھوڑا باری میں تین روزہ ممفت میگا میڈیکل کیمپ

219

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی کے علاقے گھوڑا باری میں تین روزہ میگا میڈیکل کیمپ کے پہلے دن مریضوں کی بڑی تعداد نے مفت صحت کی سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔ مفت جنرل میڈیکل کیمپ کا افتتاح حلقہ گھوڑا باری کے ایم پی اے حاجی علی حسن زرداری نے کیا۔ مفت طبی کیمپ میں مختلف قسم کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹروں کے لیے الگ الگ شعبے قائم کیے گئے، جبکہ ٹیسٹ لیب بھی قائم کی گئی۔ اس سلسلے میں ملنے والی معلومات کے مطابق ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں کے دور دراز شہروں اور دیہات سے تعلق رکھنے والے مریضوں نے بڑی تعداد میں پہنچ کر ماہر ڈاکٹروں سے مفت معائنہ اور مفت ادویات حاصل کیں۔ کیمپ میں آئی اسپیشلسٹ، معائنے اور آپریشن کی سہولیات بھی میسر تھیں اس کے علاوہ دل، دماغ، شوگر، ہیپاٹائٹس جیسی تمام بیماریوں کے ماہر امراض ڈاکٹر اور مفت موبائل سروس یونٹ بھی موجود تھے، جس سے مریضوں نے مفت علاج کی سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان محسن ہاؤس ٹھٹھہ کے مطابق ایم پی اے حلقہ گھوڑا باری پی ایس 78 حاجی علی حسن زرداری کی جانب سے اپنے حلقے میں قائم اسپتال میں بہتری سمیت نئے صحت سینٹر کے قیام کے لیے اپنی کوششیں لے رہے ہیں، ابتدائی صحت سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے مفت طبی کیمپ کا انعقاد بھی کررہے ہیں۔ کیمپ میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ عثمان تنویر، پی پی ایم پی اے حاجی علی حسن، پی پی ضلعی رہنما عبدالحمید پنہور، رمضان پنہور، غلام نبی شیخ، میڈیا سیل انچارج شاہنواز لوہار، غلام مصطفی سموں سمیت بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تین روزہ مفت طبی کیمپ کا سلسلہ آئندہ دو دن تک جاری رہے گا۔