الخدمت کے تحت”خیرکثیر“ کے عنوان سے”رضاکار“تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

577

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے شعبہ والنٹیرمینجمنٹ کے زیر اہتمام ”خیر کثیر“ کے عنوان سے بہادرآباد کے کمیونٹی ہال میں ”رضا کار“ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ورکشاپ میں شہر کی مختلف یو نیورسٹیز کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی،

ورکشاپ سے ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین،ڈائریکٹر میڈیا اینڈ مارکیٹنگ نوید علی بیگ نے خطاب کیا،جبکہ حافظ سیدفصیح اللہ حسین نے خیر کثیر،نویدعلی بیگ نے ”نوجوانوں کا کردار، سرفرازشیخ نے ”ڈیزاسٹر مینجمنٹ“،اویس مختارنے”پروایکٹوازم اورسرکل آف انفلو ئنس“اورڈاکٹر ماریہ نے ”ابھرتے نوجوان“کے عنوان سے پریزینٹیشن دی،

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کے کاموں کیلئے رضاکاروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔الخدمت کے رضا کارہر مشکل گھڑی میں خدمت میں ریلیف اور ریسکیو کے کاموں میں آگے ہوتے ہیں۔اس شعبے میں الخدمت کو خدمت سے سرشار نوجوانوں کی ضرورت ہے،

قاضی سید صدالدین نے شرکا کو الخدمت کی7شعبہ جات میں خدمات سے آگاہ کیا اور انہیں بتا یا کہ الخدمت خدمات کے کاموں میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہے اور لوگ اس پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔انہوں نے طلبہ وطالبات سے کہا کہ وہ اپنا سوشل سرکل بنائیں،

لوگوں کو نیکی کے کاموں کی جانب راغب کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ خیرات دی جاتی ہے۔الخدمت شعبہ صحت،تعلیم میں بھرپورکام کررہی ہے۔یتیموں کی کفالت بھی کی جاتی ہے جبکہ جیلوں میں بھی قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کر رہی ہے،

نوجوان بطور رضاکارالخدمت میں شامل ہوکر خدمت کے کاموں میں ہماراہاتھ بٹائیں۔نوید علی بیگ نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے زندگی کے مقصد کا تعین ضروری ہے۔اس کیلئے بہتر راستے کا تعین کریں۔ڈیجیٹل ورلڈ کو زیر کرنا ہوگا۔ ورنہ یہ آپ کو زیر کردے گا،

انہوں نے کہا کہ امریکا نے سائبر وار کیلئے تین افواج کے بعد چوتھی فورس تیار کی ہے،وہ ٹول کو اپنے مفاد کیلئے استعمال کررہا ہے۔نوید علی بیگ نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمیں حق کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔اطمینان قلب صرف نیکی کے کاموں ہی سے حاصل ہو سکتا ہے۔ورکشاپ کے اختتام پر تمام شرکامیں اسناد تقسیم کی گئیں۔