حیدرآباد :بلدیہ میٹ کا مضر صحت گوشت کی فروخت روکنے کیلیے کریک ڈاؤن

164

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) میٹ سیکشن بلدیہ سٹی نے پریشر والے مضر صحت گوشت کی فروخت کی روک تھام کے لیے بڑا کریک ڈائون شروع کردیا، پریٹ آباد، نورانی بستی، پنجرہ پول، سرفراز کالونی سمیت کئی علاقوں میں قائم مذبحہ پر چھاپے، قصابوں کی شدید مزاحمت، گنجان آبادیوں سے غیرقانونی مذبحہ، باڑوں کو شہر سے باہر منتقلی کے حتمی نوٹسز کے اجرا کے بعد بلدیہ حکام نے قانونی کارروائی کے انتباہی بینرز آویزاں کردیے، میٹ سیکشن اور اینٹی انکروچمنٹ سیل نے نالوں، سڑکوں سمیت مختلف مقامات پر لگے گوشت کے ٹھیوں کو تحویل میں لینے کے لیے حکمت عملی بنالی، میٹ عملے نے بغیر جالیاں لگائے گوشت فروخت کرنے والی 11 دکانوں سے تین من سے زائد گوشت تحویل میں لے لیا۔ بلدیہ میٹ سیکشن سٹی نے انچارج ندیم غوری کی سرکردگی میں مضر صحت پریشروالے اور چوسنا گوشت کی فروخت اور سپلائی کو روکنے کے لیے بڑا کریک ڈائون شروع کردیا، میٹ سیکشن سٹی کی جانب سے گزشتہ 2 ماہ سے سٹی کے علاقوں میں مضر صحت پریشر والے، چوسنا، لاغر اور بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت اور سپلائی کی روک تھام کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران اب تک 90 من سے زائد پریشر والے اور چوسنا گوشت کو تحویل میں لے کر تلف کیا جاچکا ہے، ان کارروائیوں کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے عدم تعاون کے باعث عملے کو شدید مزاحمت کا سامنا رہا۔ دوسری طرف میٹ سیکشن نے میئر سید طیب حسین کی پریشر والے گوشت کی ہر صورت فروخت روکنے کے احکامات کی روشنی میں پریٹ آباد، نورانی بستی، لیاقت کالونی، پنجرہ پور، سرفراز کالونی، نہروں کے اطراف، کالی موری سمیت کئی علاقوں میں قانونی کارروائی کے لیے انتباہی حتمی بینرز آویزاں کردیے ہیں جبکہ اس سے قبل 50 سے زائد قصابوں کو گنجان آبادیوں میں قائم باڑوں اور مذبحہ کو شہر سے باہر منتقلی کے لیے نوٹسز جاری کیے تھے، میٹ سیکشن کے انچارج ندیم غوری نے بتایا کہ محدود وسائل اور عملے کو سیکورٹی کی عدم فراہمی کے باوجود دن رات کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور شہریوں کی جانب سے دی جانے والی خفیہ اطلاعات پر بروقت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ناغے کے ایام میں گوشت کی فروخت تقریباً بند ہے اور اینٹی انکروچمنٹ سیل بلدیہ کے تعاون سے نالوں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر لگے گوشت فروخت کرنے کے پتھاروں، ٹھیوں کو تحویل میں لینے اور دوبارہ نہ لگنے دینے کے لیے حکمت علی بنالی گئی ہے اور جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی، میٹ سیکشن کے عملے نے سٹی کے نصف درجن سے زائد علاقوں میں ماہرین کے ہمراہ گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کا دورہ کیا اور جالیاں لگائے بغیر گوشت فروخت کرنے والے 11 دکانوں سے تین من سے زائد گوشت تحویل میں لے لیا، جسے بعد ازاں ہزاروں روپے جرمانے اور تنبیہ کے بعد واپس کردیا گیا۔