سینے کی جلن اور تیزابیت کا سستا ترین علاج

2153

اکثر زیادہ عمر کے افراد یا وہ افراد جو گھنٹوں بیٹھے رہتے ہیں ان کا معدہ کمزور ہو جاتا ہے، جس کے باعث کھانے کے بعد انہیں بدہضمی اور سینے کی جلن جیسی شکایات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان مسائل کا حل کچن کی دو سستی اشیا میں موجود ہے۔ کھانا ہضم کرنے کے لیے معدہ جو ایسڈ ریلیز کرتا ہے اگر اس کی مقدار کم ہو جائے یا معدہ کھانا ہضم کرنے کے لیے کمزور ہو تو یہ شکایت ہر کھانے کے بعد ہوتی ہے، تیزابیت ہونے کا ایک سبب خالی پیٹ بھی رہنا ہے تو مندرجہ ذیل دو اجزا سے بنی چائے کو اپنی روٹین میں شامل کرلیں اور ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کریں۔
اجوائن اور سونف کی چائے
اجوائن میں تھائمول معدے میں ’گیسٹرو کے جوس‘ کی مناسب مقدار بناتا ہے جس سے معدے کو کھانا ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے، اجوائن پیٹ کے جملہ امراض میں مفید ہے اور اکثر کھانوں میں استعمال بھی کی جاتی ہے۔
ٹھنڈی تاثیر رکھنے والی خوش ذائقہ سونف کے بے شمار فوائدہیں، معدے کی بیماریوں، پیٹ کا پھول جانا، قبض کی شکایت دور کرنے سمیت اس میں بدہضمی اور تیزابیت کا بھی علاج موجود ہے جبکہ سونف بینائی تیز کرنے کے لیے بھی بہترین غذا ہے۔
استعمال کا طریقہ:
سونف اور اجوائن کی چائے بنانے کے لیے ایک گلاس پانی میں آدھا کھانے کا چمچہ سونف اور اجوائن ملا کر اسے ابلا لیں اور ٹھنڈا ہونے پر استعمال کریں۔
اجوائن اور سونف کو ملا کر ثابت چبایا بھی جاسکتا ہے۔ شیر خوار بچوں کو اگر پیٹ میں درد یا گیس کی شکایت ہو تو انہیں سونف کا پانی پلایا جاسکتا ہے جس سے فوراً آرام ملتا ہے۔