امریکا میں اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف طلبہ کا احتجاج کئی یونیورسٹیوں تک پھیل گیا

340
University students

واشنگٹن: امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں اسرائیل کی غزہ پر دہشت گردی کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج ملک کی دیگر یونیورسٹیوں تک پھیل گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے شکار نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کولمبیا یونیورسٹی سے شروع ہونے والا احتجاج بڑھتے بڑھتے ییل Yale اور نیویارک یونیورسٹیوں تک پہنچ گیا، جہاں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت پر مبنی احتجاجی مظاہروں میں شریک طلبہ غزہ پر مسلط کی گئی جنگ کو بند کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

امریکی پولیس نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کرنے والے کئی طلبہ کو گرفتار بھی کیا ہے۔

دریں اثنا کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج کی وجہ سے صورت حال دن بہ دن کشیدہ ہوتی جا رہی ہے، جسکی وجہ سے وہاں ہونے والی کلاسز کو ورچوئل (آن لائن) کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کولمبیا یونیورسٹی میں جمعرات کے روز صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے پر 100 سے زائد طلبہ کو گرفتار کیا گیا تھا، اس دوران کئی طلبہ کو یونیورسٹی سے داخلہ منسوخی کے نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔ جامعہ سے بے دخل کیے جانے والے طلبہ میں امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر کی بیٹی بھی شامل ہے۔