مافیا اور مہنگائی سے مقابلہ ہے،عوام کو ریلیف دے رہے ہیں،وزیراعظم

210
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے کوکا کولا آئیسک پاکستان کے جنرل منیجر احمد کرساد ملاقات کررہے ہیں، ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل بھی موجود ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت +خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مافیا اور مہنگائی سے مقابلہ ہے ، عوام کو ریلیف دے رہے ہیں ، میڈیا پر آکر لوگ عمران خان کو کچھ بھی کہیں لیکن کوئی انسان آپ کوذلیل نہیں کرسکتا کیوں کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے،انسان تجربات سے سیکھ کر اور کشتیاں جلا کر ہی آگے بڑھتا ہے ، جو شخض ہارنے سے ڈرتا ہے وہ کبھی بڑا آدمی نہیں بنا سکتا، مشکل ترین حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ،کرپشن اور مافیاز سے تنگ عوام تحریک انصاف کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے، حکومتی کوششوں کے نتیجے میں عوام کو خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔نیشنل انکیوبیشن سینیٹراسٹارٹ اپس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن اورمافیاز سے تنگ عوام پی ٹی آئی کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے، مشکل ترین حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی، ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے جو ہر شعبے میں تبدیلی اورعوام کی بہتری کی راہ میں رکاوٹ ہے، اس وقت ہمارا مقابلہ مافیا اور مہنگائی سے ہے، مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، حکومتی کوششوں کے نتیجے میں عوام کو خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نیانسان کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، انسان تجربات سے سیکھ کر اور کشتیاں جلا کر ہی آگے بڑھتا ہے، مشکل وقت سے گزر کر کامیاب ہوتا ہے ، ناکامی کا خوف انسان کو بزدل بنا دیتا ہے، زندگی میں خوفزدہ ہونے والوں نے کبھی بڑا کام نہیں کیا، آزاد ذہن ہی نئی سوچ اور نئے راستوں کا تعین کرتے ہیں، ہر بڑے کام کے آغاز کے پیچھے ایک بہترین آئیڈیا ہوتا ہے، جو شخص ہارنے سے ڈرتا ہے وہ کبھی بڑا آدمی نہیں بن سکتا، میڈیا پر آکر لوگ عمران خان کو کچھ بھی کہیں لیکن کوئی انسان آپ کوذلیل نہیں کرسکتا کیوں کہ عزت اور رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ سرکاری نوکری پنشن کے لیے کرنا چاہتے ہیں، اس طرح لوگ اپنی صلاحیتیں ختم کر دیتے ہیں، زندگی میں جب جدوجہد ختم ہوجائے توآپ کی زندگی ختم ہوجاتی ہے، چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے بعد کامیابی آپ کا مقدر بنتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے کوکا کولا آئیسک پاکستان کے جنرل منیجر احمد کرساد نے ملاقات کی ۔ پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل بھی ان کے ساتھ تھے ۔اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کوکاکولا کمپنی کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرے گی جبکہ حکومتی کاوشوں سے پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش منزل بن گیا ہے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر خیبر پختونخوا محمد ادریس اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔