مہاراجوں کانظام اب مزید چلنے والا نہیں‘ حکومت عیاں ہوگئی‘ سراج الحق

584
لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جامعہ پنجاب میں اسلامی جمعیت طلبہ کے اجتماع ارکان سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کی مینو فیکچرنگ میں غلطی ہوئی ہے ۔ اب یہ آئوٹ آف ڈیٹ معجون مرکب ہے ۔ جب تک بنیادی خرابی دور نہیں ہوتی ، حکومت چل نہیں سکے گی ۔ مہاراجوں کا نظام اب مزید چلنے والا نہیں ۔ عدالتوں میں انصاف ہے نہ حقیقی احتساب اور نہ ڈالروں کی بارش ہوئی ۔ یہ آمریت ہے نہ جمہوریت ، یہ حکومت وقت سے پہلے ایکسپوز ہوگئی ہے۔ جمعیت نے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی ہمیشہ حفاظت کی ہے ۔ اب نوجوانوں کو آگے بڑھنااور پروپیگنڈے کے زور پر جن نوجوانوں کو سراب کے پیچھے لگایا تھا ، ان کو حقیقی تبدیلی کا راستہ دکھانا ہوگا ۔ طلبہ یونینز کوبحال کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جامعہ پنجاب میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ محمد عامر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سابق حکومتیں آدھا تیتر اور آدھا بٹیر ہوتی تھیں مگر موجودہ حکومت تیتر ہے نہ بٹیر ۔ حکومت نے ملک و قوم کے مستقبل کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے ۔ معیشت کو آئی ایم ایف ، تعلیم کو این جی اوز اوراسپتالوں کو ٹھیکیداروں کے حوالے کردیا گیاہے ۔ آئی ایم ایف نے معاشی اداروں میں اپنے ملازموں کو لا کر بٹھا دیاہے جو رات دن بس یہی پلاننگ کرتے ہیں کہ پاکستانی عوام کا خون کس طرح نچوڑناہے ۔ ظالمانہ ٹیکس لگائے جارہے ہیں ۔ ایسے ایسے ٹیکس متعارف کرائے گئے ہیں جن کا کبھی کسی نے نام تک نہیں سنا تھا اور دنیا کے کسی ملک میں بھی اس طرح کے ٹیکسوں کے نفاذ کا تصور نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیاہے ۔ پورا نظام وینٹی لیٹر پر ہے جونہی وینٹی لیٹر ہٹایا گیا یہ دھڑام سے نیچے آ گرے گااور کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان اور جمعیت لازم و ملزوم ہیں ۔ جمعیت نے پاکستان کی نظریاتی و دفاعی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں جب تک جمعیت موجود ہے ، پاکستان کا وجودقائم رہے گا ۔ جمعیت نے کردا ر کے غازی تیار کیے ہیں جن پر ملک و ملت نے ہمیشہ فخر کیا ہے۔ یہ نوجوان قوم کا مستقبل اور عالم اسلام کی آنکھوں کا تارا ہیں ۔ جماعت اسلامی کے پاس معیشت ، تجارت اور صنعت و زراعت سمیت تمام شعبوں کے ماہرین اور پی ایچ ڈی اسکالرز موجود ہیں ۔جماعت اسلامی قومی و بین الاقوامی اداروں کے مطابق پاکستان کی سب سے منظم اور حقیقی جمہوری جماعت ہے ۔ د یانتداری کے ساتھ ملک سے وفاداری کے میدان میں جماعت اسلامی کا کوئی مقابلہ نہیں ۔ ہمارے لوگ سینیٹ ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان اور مقامی حکومتوں میں اعلیٰ مناصب پر رہے مگر ان کے دامن ہمیشہ کرپشن ، کمیشن اور اس طرح کے الزامات اور دھبوں سے پا ک رہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ ملک و قوم کے مسائل کا حل صرف نظام مصطفی ؐ کے نفاذ میں ہے ۔ قوم نے تمام پارٹیوں کو آزما کر دیکھ لیاہے اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی دوسراآپشن نہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عالم اسلام کے حکمران استعمار کے غلام ہیں ۔ یہ استعماری قوتوں کی ڈکٹیشن پر چلتے ہیں ۔ فلسطین و کشمیر عالم اسلام کے مسائل ہیں لیکن حکمران اپنے عشق میں مبتلا ہیں ان کو اپنی ذات کے آگے کچھ نظرنہیں آتا ۔ ٹرمپ فارمولا امریکا کی کھلی غنڈا گردی اور عالم اسلام پر جنگ مسلط کرنے کی سازش ہے جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں بھارتی مظالم انسانیت کے خلاف دہشت گردی ہے لیکن اقوام متحدہ نے ان مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لیے عالم اسلام کو متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل دینا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ 5 فروری کو پوری قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کر ے گی ۔