الیکشن کمیشن: وفاقی وزرا سمیت 64 اراکین اسمبلی کی رکنیت بحال

165

اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے پر وفاقی وزرا سمیت 64 اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت بحال کردی جبکہ تاحال حلف نہ اٹھانے پر رکن پنجاب اسمبلی چودھری نثار علی خان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 25، پنجاب اسمبلی کے 24 اور سندھ اسمبلی کے 10، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 4 اور بلوچستان اسمبلی کے 1 رکن کی رکنیت بحال کردی۔ وفاقی وزرا فواد چودھری، نورالحق قادری، زرتاج گل اور طارق بشیر چیمہ، راجا پرویز اشرف اور فرخ حبیب کی رکنیت بھی مالی گوشوارے جمع کرانے پر بحال کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 254 اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت تاحال معطل ہے۔ مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے تک پارلیمنٹرینز کی رکنیت معطل رہے گی اور وہ اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پرپنجاب اسمبلی کے 115، خیبر پختونخوا کے 60، سندھ اسمبلی کے 40 اور بلوچستان اسمبلی کے 21 ارکان کی رکنیت معطل کی تھی۔