پی سی بی کےسینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی ٹیم میں شامل ہی نہیں

428

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں صرف 5 کرکٹرز بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے اسکواڈ میں شامل ہوسکے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈنے  کھلاڑیوں کے ساتھ لاکھوں روپے کے سینٹرل کنٹریکٹ کومذاق بناتے ہوئے بنگلادیش کے خلاف سیریز میں 19 تنخواہ دار یافتہ کھلاڑیوں میں سے صرف 5 کھلاڑی کھیل رہے ہیں جبکہ 14 کھلاڑی یا تو ٹیم میں شامل نہیں یا فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے ہیں ۔

پی سی بی کی جانب سے بنگلادیش کے خلاف اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ کے10ارکان تنخواہ دار کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی ‘اے کیٹیگری’ میں  سابق کپتان سرفراز احمد ہیں جو کہ مکمل نظر انداز ہیں جبکہ یاسرشاہ کو محدود اوورز کی کرکٹ کیلیےموزوں خیال نہیں کیا جاتا،صرف بابر اعظم بنگلادیش کیخلاف ایکشن میں ہوں گے۔ ‘بی کیٹیگری’ میں اظہر علی وائٹ بال کرکٹ چھوڑچکے ہیں، اسد شفیق اورمحمد عباس بھی ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں ، حارث سہیل، امام الحق اور وہاب ریاض کو بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے ڈراپ کردیا گیا جبکہ اے کیٹیگری میں باقی  رہ جانے والے دو نوجوان بالرز شاداب خان اورشاہین شاہ آفریدی منتخب اسکواڈ میں شامل ہیں۔

پی سی بی کی ‘سی کیٹیگری’میں عابد علی، شان مسعود اور عثمان شنواری کوسلیکٹرز نے بنگلادیش کیخلاف آزمانے کی ضرورت محسوس نہیں کی،حسن علی گزشتہ 1 سال سے انجری سے بحالی کیلیے کوشاں ہیں،فخرزمان اورمحمد عامر کو ڈراپ کردیا گیا،عماد وسیم اور محمد رضوان اپنی جگہ برقرار رکھنےمیں کامیاب ہیں۔

بنگلادیش سے ٹی20 سیریز کیلیےمنتخب اسکواڈ میں شامل شعیب ملک، محمد حفیظ،افتخار احمد، خوشدل شاہ، احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد موسیٰ اور عثمان قادر سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ نہیں ہیں۔