وفاق کا پختونخوا کے وسائل پر ڈاکا کسی صورت قبول نہیں‘ مشتاق احمد

498
پشاور: امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان پریس کانفرنس کررہے ہیں

پشاور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا صوبے کے وسائل سے ملنے والے آمدن پر ڈاکا کسی صورت قبول نہیں‘ نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے 450 ارب روپے وفاق کے ذمے واجب الادا ہیں جس کی ادائیگی میں وفاقی حکومت مسلسل رکاوٹیں ڈال رہی ہے‘ ہفتے وار بنیاد پر ڈالرز میں اس کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے‘ صوبے کے حقوق کے لیے سیاسی پارٹیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے 29 جنوری کو کل جماعتی کانفرنس بلائی جائے گی۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے المرکز اسلامی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی اور وفاقی حکومت مکمل ناکامی کا شکار ہیں‘ بیڈ گورننس اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی اور وفاقی حکومتیں خیبر پختونخوا کے آئینی مالیاتی حقوق کو غصب کرتے ہوئے اس کو ہڑپ کر رہی ہیں جوکہ صوبے کے عوام سے زیادتی ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبد الواسع، رکن صوبائی اسمبلی سراج الدین خان، صاحبزادہ ہارون الرشید، امیر جماعت اسلامی باجوڑ مولانا وحید گل، قاری عبد المجید اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات سید صہیب الدین کا کا خیل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔