ریلوے ملازمین نے 18جنوری کو ہڑتال کا اعلان کردیا

133

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ریلوے کے ٹیکنیکل عملے نے ایک ہفتے کے اندر مطالبات کی عدم منظوری پر 18جنوری کو ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا، ریلوے پریم یونین کراچی کے صدرسیدشاہداقبال نے ریلوے ملازمین کے احتجاجی اجلاس میں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لوکو شیڈشاپ کراچی کینٹ میں شیڈٹیکنیکل اسٹاف کے زیر اہتمام احتجاجی گیٹ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ریلوے پریم یونین کراچی ڈویژن کے صدر سیدشاہداقبال، ریلوے محنت کش یونین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل عبدالحمیدبلوچ اور ریلوے ورکرزیونین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل وحیداسلم نے کہا کہ ہم عرصہ دراز سے ریلوے انتظامیہ کے ہاتھوں دھوکا کھاتے آرہے ہیں لیکن اب پانی سر اونچا ہوتا جارہا ہے ، ہم اپنے مسائل کے حل کے لیے اور زیادہ انتظار نہیں کرسکتے ، ریلوے انتظامیہ کو ایک ہفتے کا وقت دیتے ہیں وہ ہمارے مطلوبہ مسائل کو فی الفور حل کرے اس کے بعد ہم کسی بھی سخت اقدام کی جانب بڑھتے ہوئے 18 جنوری بروز ہفتہ لوکو شیڈشاپ کرچی کینٹ میں شیڈٹیکنیکل اسٹاف کام چھوڑ ہڑتال کی جانب قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائے گی جس کی تمام ترذمے داری ریلوے انتظامیہ پر عاید ہوگی۔ اس موقع پر ڈیزل انجن پر کام کرنے والے مزدوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔