نشترپارک میں جاں نثاران مصطفیٰ کانفرنس ایرانی جنرل کے قتل کی مذمت

271

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نشترپارک میںمنعقدہ جاںنثاران مصطفیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت اور پاکستان کی سالمیت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، سوشل میڈیا کے ذریعے مسلمانوں کے نظریات پر حملہ کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ وطن عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی سر حدوں کی حفاظت ہم پر فرض ہے ،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔انہوںنے کہا کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا قتل امریکاکو مہنگا پڑے گا ،امریکا کی ہر دہشتگردی کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں ،امریکہ اور بھارتی غنڈہ گردی کو نہیں مانتے،امریکا کی شدت پسندی اور دہشت گردی اس وقت پوری دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے،اقوام متحدہ کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ اور جانبدرانہ ہے۔ شہداء نشتر پارک کی یاد میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے اور ریلیف دینے میں ناکام نظر آرہی ہے، مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے اور اس کا ریموٹ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کو دے رکھا ہے، مہنگائی کے جن کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام تنظیموں کی آل پارٹیز کانفرنس بنائی جائے۔ اس موقع پر سربراہ جے یو پی صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی ،مولاناریحان امجد نعمانی،مولانا ابرار احمد رحمانی، صوبائی صدر پنجاب ڈاکٹر محمد شاہد حسین، انعام اللہ خان قادری، مولانا نور احمد قاسمی، ڈاکٹر محمد زاہد حبیب قادری، صدام حسین،علامہ مفتی تاج الدین نعیمی ،علامہ اشرف گورمانی،مولانا منظور قادری ،مولا نا علی نواز قاسمی، صاحبزادہ کامران قادری، مولانا مشرف قادری،مفتی اشرف سکندری ،مولانا حبیب قادری ،مولا نا طارق قادری مولانا عبد القدیر ودیگر علماء ومشائخ نے بھی خطاب کیا ۔