نامعلوم اغواء کنندگان نے 8 سالہ بچے کی آنکھوں میں ایلفی ڈال دی

273

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں نامعلوم ملزمان نے سفاکیت کی انتہا کردی، مغوی 8 سالہ بچے کی آنکھوں میں ایلفی ڈال کر اسے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے واقعے کی جامع تحقیقات اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کردی۔پولیس ذرائع کے مطابق اتوار اورپیرکی درمیانی شب کورنگی کے سندھ گورنمنٹ اسپتال میں ایک 8 سالہ بچے کو لایا گیا جس کی آنکھوں میں نامعلوم افراد نے ایلفی ڈال دی تھی، بچے کو لانے والے افراد نے بتایا کہ عوامی کالونی کے علاقے میں نامعلوم افراد بچے کو چھوڑ گئے تھے اور اس کی آنکھوں میں ایلفی ڈالی ہوئی تھی۔پولیس حکام کے مطابق فوری طور پر ڈاکٹروں نے بچے کو طبی امداد فراہم کی اور اس کی آنکھوں سے ایلفی صاف کردی گئی تاہم بچے کے وارثوں کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا جس کے بعد پولیس نے بچے کو صارم برنی کے شیلٹر ہوم منتقل کردیا۔واقعے کی خبر نشر ہونے کے بعد بچے کے بھائی نے عوامی پولیس سے بچہ کی حوالگی کے لیے رابطہ کیا، جس پر پیرکی صبح صارم برنی نے 8سالہ عبدالحنان کو اہل خانہ کے حوالے کردیا۔اس موقع پر صارم برنی نے کہاکہ بچے کا میڈیکل کرایا جائے گا، شبہ ہے کہ بچے کے اغوا میں کوئی اپنا ملوث ہو سکتا ہے،ڈی آئی جی ایسٹ واقعہ کا سخت نوٹس لیں اور بچے کے اغوا میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔فلاحی ادارے میں جب ماں نے اپنے جگر گوشے کو گود میں لیا تو دھاڑیں مار مار کر رونے لگی، سفاکیت کا شکار عبدالحنان کی والدہ کے مطابق عبدالحنان اتوار کی صبح ساڑھے آٹھ بجے 10روپے لے کر گھر سے باہر نکلا، کافی دیر تک اس کے گھر واپس نہ آنے پر اہل خانہ کوتشویش ہوئی تو انہوں نے خود اور اہل محلہ کی مدد سے اس کی تلاش شروع کی، تاہم وہ اس کوتلاش نہ کرسکے۔ عبدالحنان کی والدہ بیوہ اور 6بچوں کی ماں ہے جو اپنے بڑے بیٹے کے ساتھ کام کر کے اپنے بچوں کی پرورش کرہی ہے ۔عبدالحنان سب سے چھوٹا بیٹا ہے ۔ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ایس ایس پی ملیر اور کورنگی سے تمام تر ضروری پولیس اقدامات پر مشتمل تفصیلات فی الفور طلب کرلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات اور مؤثر پیش رفت کی بدولت ملوث ملزمان کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لاتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔