ملت کفر کی پیروی سے کبھی عزت نہیں ملے گی، راشد نسیم

111

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن راشد نسیم نے کہاہے کہ جب تک ہم ملت کفر کی پیروی کرتے رہیں گے ، ہمیں عزت نہیں ملے گی ،مغرب اور یورپ میں رہنے والے مسلمانوں میں بہت سی خرابیاں در آئی ہیں ،بھارتی مسلمان اس وقت انتہائی مصیبت اور پریشانی میں ہیں اور انہیں اپنی شناخت قائم رکھنا مشکل ہو چکاہے ، حالانکہ وہ صدیوں سے بھارت میں ہندوئوں کے درمیان رہتے ہوئے ہندوانہ رسم و رواج اور انہی طور طریقوں پر چل رہے ہیں ۔بھارتی فلمیں اور بھارتی ہیروز ان کے ہیرو ہیں اور محض نام کے مسلمان ہیں مگر ہندوتوا نام کے ان مسلمانوں کو بھی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔راشد نسیم نے کہاکہ مغرب اور یورپ میں رہنے والے مسلمانوں میں بہت سی خرابیاں در آئی ہیں ۔ کئی مسلمان ان معاشروں کے رنگ میں رنگ گئے ہیں ، ڈانس کلبوں اور جوا خانوں میں جانا ان کے نزدیک کوئی برائی نہیں لیکن اس کے باوجود اسلامو فوبیا کے شکار متعصب معاشرے ان کوقبول کرنے کے لیے تیار نہیں ۔ بوسنیا میں تو مسلمان شراب نوشی کو بھی برا نہیں سمجھتے ۔ انہوںنے کہاکہ مغرب کے رنگ میں رنگ کر اور جدیدیت کے نام پر ہمیں عزت نہیں ملے گی ۔ دنیا میں اپنا کھویا ہوا عز ت و وقار پانے کے لیے مسلمانوں کو اپنے ماضی کی طرف لوٹنا ہوگا اور اپنے افکار و نظریات اور شعائر اسلام پر عمل کر کے ہی دنیا میں آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ جب تک ہم ملت کفر کی پیروی کرتے رہیں گے ، ہمیں عزت نہیں ملے گی ۔