کشمیرمارچ:اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہونے جا رہا ہے،سراج الحق

841

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہونے جا رہا ہے۔

سینیٹرسراج الحق نے کشمیر مارچ جلسہ گاہ آمد پر انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہونے جا رہا ہے،لاکھوں لوگ مختلف صوبوں سے شرکت کے لئے آ رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر بچانے کے لئے مارچ ہو رہا ہے، کشمیر پاکستان کے لئے جان و مال کا مسئلہ ہے، اقوام متحدہ کے دیئے گئے حق کو دلوانے کے لئے یہ سب کچھ کررہے ہیں،عالمی امن کے حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کشمیر انسانیت کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے نوجوان دو روز پیدل چل کر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں،کشمیرمارچ سے پیغام دینا چاہتے ہیں کہ تم پاکستانی ہواور پاکستان تمہارا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ہم کشمیر کے لئے مارچ کررہے ہیں جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے ہمارے بینرز اتار دیئے ہیں،رات جلسہ گاہ کی لائٹیں بھی بند کردی گئیں تھیں،حکومت کیا بھارت کے سفارتخانے کو خوش کرنا چاہتی ہے؟ پارٹی کارکنان کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اشتعال میں نہیں آئیں گے۔