پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہم سب کی ذمے داری ہے، غلام قادر چانڈیو

318

نوابشاہ (بیورو رپورٹ) رکن صوبائی اسمبلی غلام قادر چانڈیو، ایڈیشنل کمشنر بے نظیر آباد پرویز احمد بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر انٹی کرپشن بے نظیرآباد میر نادرعلی ابڑو کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ڈی سی ہائی اسکول سے پریس کلب نوابشاہ تک ایک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ڈائریکٹر اطلاعات شفیق حسین میمن، ڈائریکٹر زراعت غلام مصطفی جمالی، ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت محمد رمضان چنا، اسسٹنٹ کمشنر نوابشاہ طارق علی سولنگی، انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی، تمام سرکاری محکموں کے افسران، عملے، سول سوسائٹی، نجی سماجی تنظیموں، میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ اسکاؤٹس، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے کہا کہ ہم سب کو مل کر معاشرے سے کرپشن جیسی بیماری کو ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی پاسداری سے ہی کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا اور ہم سب کو ملک کے قانون پر عمل پیرا ہونا پڑے گا۔ انہوں نے رشوت ستانی کو عملی طور پر ختم کرنے کی جدوجہد پر زور دیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر بے نظیر آباد پرویز احمد بلوچ نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے، جو ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے ملک سے کرپشن کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کریں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بے نظیرآباد میر نادرعلی ابڑو نے کہا کہ پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہم سب کی ذمے داری ہے۔ اس سلسلے میں آج پوری دنیا میں انسداد رشوت ستانی وکرپشن کے خاتمے کے سلسلے میں آگاہی ریلیاں اور سیمینار منعقد کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے عوام کو آگاہی دینے کے لیے ڈویژن کے تینوں اضلاع میں جاکر آگاہی ریلی کے ساتھ شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کیے ہیں اور عوام کو کرپشن کے نقصانات کے متعلق آگاہی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی میں پورے ضلع کے افسران، اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، تاجر برادری کے نمائندوں، شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ ہم سب کرپشن کیخلاف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام میں بھی رشوت دینے اور لینے والوں کو جہنمی قرار دیا گیا ہے جبکہ رشوت سے پاک معاشرہ ترقی یافتہ قوم کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی کسی سے رشوت طلب کرے تو وہ اس کی اطلاع اینٹی کرپشن آفس میں دیں تاکہ ان کیخلاف کارروائی کی جاسکے۔