اگلے سال ہمارا نیا وزیراعظم ہوگا، بلاول کا دعویٰ

246

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے سال سلیکٹڈ حکومت اور وزیراعظم گھر چلے جائیں گے اور ہمارا نیا وزیراعظم آئے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوپارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے یہ سلیکٹڈ حکومت آئی ہے ہماری معاشی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے، ایک سالہ حکومت کی رپورٹ بدترین کارکردگی کی مثال ہے، ملکی تاریخ میں پاکستان آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر ہوا،اس حکومت کے پاس کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں ہے، اس کا نقصان اس ملک کی عوام اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے، ہمارا ایجنڈا اس ملک کے عام آدمی کا ایجنڈا ہے، عوام ہمارا ساتھ دیں گے ہم معاشی حکومت بنائیں گے جس میں عوامی معاشی پالیسی ہو گی جو عوام کے مفاد میں ہو گی کسی سلیکٹڈ کے مفاد میں نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ جس ایجنڈے کےلئے چلا وہ کافی حد تک کامیاب ہوا جو موقف سلیکٹڈ وزیراعظم کا کل تھا وہ آج نہیں ہے، وزیراعظم کے ہٹنے کے مواقع بڑھے ہیں کم نہیں ہوئے، دھاندلی کو چھپانے اور عوامی معاشی قتل کے حکومتی اقدامات کو چھپانے کی جو کوششیں کی جا رہی ہیں اس میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے، جو میڈیا بھی نہیں دکھا سکتا تھا آزادی مارچ کی وجہ سے لوگوں تک آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد جو آزادی مارچ سے پہلے تھی وہ آگے بھی جاری رہے گی، یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ وزیراعظم نہیں رہے گا، سلیکٹڈ وزیراعظم کو جانا پڑے گا، اگلے سال ہمارا نیا وزیراعظم آئے گا، اس حکومت کو جانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے یہاں ایک نہیں دو پاکستان ضرور ہیں، سابق صدر آصف زرداری پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا چھے مہینے بعد بھی اس پر ٹرائل نہیں ہو سکا، وہ آج بھی ان کی قید میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو چھ مہینے سے ذاتی معالج سے نہیں ملنے دیا جا رہا، حکومتی ڈاکٹرز نے بیماریوں کی نشاندہی بھی کی ہے اور یہ بھی کہا کہ انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے، حکومت تاخیری حربے اپنا رہی ہے تو میں کیسے اس حکومت انتظامیہ اور سسٹم پر اعتماد کرلوں جو میرے اور میرے خاندان کو بنیادی حقوق سے محروم رکھ رہا ہے۔