اسپتالوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، آغا مسیح الدین

143

شکارپور (نمائندہ جسارت) ضلع کونسل شکارپور کا اجلاس چیئرمین آغا مسیح الدین خان درانی اور وائس چیئرمین امیر علی کماریو کے صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں ضلع چیئرمین آغا مسیح الدین خان درانی نے کہا کہ شکارپور میں چلنے والے ترقیاتی کاموں میں جن ٹھیکیداروں نے 60 فیصد کام کیا ہے، ان کے بل ہم نے بنوا دیے ہیں اور بقایا کام بھی پورا کروایا جائے، جن یوسیز میں کام کم ہوا ہے وہ بھی اپنا کا م جلد مکمل کریں اور جن ٹھیکیداروں نے سستی کی ہے اور کام نہیں کررہے ان کو فائنل لیٹر جاری کرکے ان سے کام واپس لے کر دوسرے ٹھیکیداروں کے معرفت کام کراویا جائے اور اسکیمیں مکمل کروائی جائیں۔ ضلع چیئرمین نے کہا کہ ہم نے جو بجٹ پاس کرکے بھیجی تھی، جس میں کچھ روائیز ہوئی ہیں، ان میں ہیلتھ اور پریس کلب شکارپور کے لیے 50-50 لاکھ رکھا گیا تھا، مگر ضلع کونسل نے روائیز کرکے 25-25 لاکھ روپے کیے ہیں۔ انہوں نے ڈی ایچ او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ شکارپور ضلع میں ڈینگی، ٹائیفائیڈ، خسرہ، ہیپاٹائٹس، کتے کے کاٹنے، سانپ کے کاٹنے کی ویکسن غریبوں کو نہیں مل رہی ہے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل اسپتالوں کا برا حال ہے، اسپتالوں میں ڈاکٹروں کے بجائے چوکیدار، نائب قاصد اور ڈسپینسر مریضوں کو انجکشن لگا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچرل کو ہدایت کی کہ افسران اور فیلڈ اسسٹنٹ ڈیوٹی کسانوں کو فصلوں کو دی جانے والی دوائیاں، زہر، کھاد اور بیج کے استعمال کے متعلق بتائیں تاکہ اچھی فصل حاصل کی جائے۔ اجلاس میں دیگر محکموں کے افسران نے بھی بریفنگ دی۔