حیدر آباد، جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں سیکورٹی و صفائی کا کام جاری

104

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) میئر حیدرآباد سید طیب حسین کی خصوصی ہدایت پر بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کی جانب سے جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر شہر و لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں جلوسوں کی گزر گاہوں پر جاری ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں لطیف آباد نمبر 8 میں سی سی پیور بلاک سے تعمیر کیے جانے والے جامع مصطفی مسجد روڈ اور لطیف آباد نمبر 7 جامع مجاہد مسجد کے قریب سی سی فلورنگ سے تعمیر کیے جانے والے روڈ کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر متحدہ قومی موومنٹ حیدر آباد کے ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارج افتخار قائمخانی، رکن کمیٹی افضل راجپوت، وسیم خان بلدیہ اعلیٰ کے افسران انجینئر ملک محبوب، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ارشد، انفارمیشن آفیسر خالد حسین، انجمن فدایان رسول کے اکرم قریشی، یوسی چیئرمین ریاض راجو، وائس چیئرمینز، کونسلرز اور علاقے کے بزرگ و معززین اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقاریب کے موقع پر میئر حیدر آباد سید طیب حسین کا پُرجوش خیر مقدم کیا گیا اور اجرک اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ میئر حیدر آباد سید طیب حسین نے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاول سرکار دو عالمﷺ کی ولادت کا ماہ ہے، اور ہم جشن میلاد النبیﷺ کو جس قدر منانے کے انتظامات کریں وہ رحمت العالمینﷺ کی ہستی کے جشن کے لیے ناکافی ہیں۔ تاہم ہم سب اپنی عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے اپنی اپنی بساط کے مطابق انتظامات اور اقدامات کرتے ہیں اور اسی ضمن میں بلدیہ اعلیٰ نے بھی اپنے نامساعد حالات کے باوجود آقائے دو عالمﷺ سے عقیدت و محبت کے لیے شہر بھر میں منعقد کی جانے والی محافل میلاد و ریلیاں اور جلوسوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے شہر و لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں جلوسوں کی گزر گاہوں پر جاری ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور آج ان علاقوں میں تعمیر ہونے والے روٖڈز بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں، اور ہماری کوشش یہی ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہو اس شہر حیدر آباد کی رونق کو پھر سے بحال کریں۔