انتقامی سیاست نے اس ملک کی چولیں ہلادی ہیں، عبدالجبار خان

175

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر آصف علی زرداری کو طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں جھوٹے مقدمات سے بری کرے کیونکہ اگر آصف علی زرداری جو نہ صرف پیپلزپارٹی کے سربراہ ہیں بلکہ صدر پاکستان کے اعلیٰ ترین منصب پر بھی فائز رہے ہیں ان کی جان کو کوئی نقصان پہنچا تو پھر تاریخ اس حکومت کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ انتقامی سیاست نے اس ملک کی چولیں ہلادی ہیں۔ ہر دور میں پیپلز پارٹی کی قیادت کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا گیا، ان کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے۔ جیلوں میں برسوں بغیر کسی سزا کے رکھا گیا اور بعد میں وقت نے ثابت کیا کہ ان جھوٹے مقدمات میں اس وقت کے حکمرانوں کو شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی یہی صورتحال ہے۔ جس طریقے سے آصف علی زرداری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کیخلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں، اس کے باعث عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے اور اس کا نقصان اور جمہوریت اور جمہوری عمل کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے ۔ عمران خان نے جتنے وعدے اور دعوے کیے ان سب پر خود ہی یوٹرن لیا ہے۔