اسموگ کے پیش نظر بھٹوں کی بندش میں 15نومبر تک توسیع ملنا خوش آئندہے

144

فیصل آباد (جسارت نیوز)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا ہے کہ اسموگ کے پیش نظر حکومت کی طرف سے بھٹوں کی بندش کے سلسلے میں 15نومبر تک توسیع ملنا خوش آئند اقدام ہے ۔مر کزی یونین کے صدر شعیب خان نیازی ،مہر عبدالحق اور ان کی ٹیم نے دنوں میں اضافہ کے لیے جس طرح محنت کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ شعیب خان نیازی کی محنت اور کاوشوں کی وجہ سے بھٹہ اندسٹری کا اربوں روپے کا نقصان ہونے سے بچ گیا ہے ۔کیونکہ جن بھٹوں نے خام خشت پکانے کے لیے آگ جلائی ہے اگر اسے فوری طور پر بند کر دیا جاتا تو ہر بھٹے کو 8سے 10لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا روڈ پرمجاہد اعوان کے بھٹے پر مالکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئر مین حاجی الطاف،ڈویژنل صدر حاجی اسلام، جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی، چوہدری اشرف گجر، میاں فرمان، سیکٹرصدر کلیم رندھاوا،بلال جاوید ڈھلوں ، حافظ محمد اکرم، رانا نواز ماجھا،ریاض کمبوہ، رانا جمیل، حاجی لیاقت ،میاں یوسف رانا صدیق بلواور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان اب 15 نومبر کے بعد اپنے بھٹے از خود بند کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ٹیم شعیب خان نیازی کی قیادت میں جس انداز میںحکومتی ایوانوں میں بھٹہ مالکان کے مسائل حل کر رہی ہے اس پر ضلع فیصل آباد سمیت پورے ملک کے مالکان ان کے شکر گزار ہیں ۔