انتخابات میں جماعت اسلامی ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی ، رہنما جے آئی

2554

فیصل آباد: جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی ،ملکی مسائل کے حل، ترقی،امن اورخوشحالی کے لئے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے، جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی ،کرپشن اور اقرباء پروری کا کوئی داغ نہیں۔

عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میںکارکن ہرگھر تک جماعت اسلامی کے پیغام کو پہنچانے اورایک کروڑ ووٹرز تک پہنچنے کے ہدف کو پورا کریں۔ المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں ضلعی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے کروڑوں عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں، پاکستان گھمبیر مسائل سے دوچار ہے، جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں مشیروں کو حاصل ہوتے ہیں ۔ ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے، مدینہ منورہ کی اسلامی ریاست جس کا نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بد ل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کر لیتے ہیں جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان ٹولوں کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب قوم کو اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کرلینی چاہیے۔

75 سال سے برسراقتدار طبقے نے انہیں محرومیوں ، مایوسی اور بھوک ننگ کے سوا کچھ نہیں دیا ،جماعت اسلامی نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔ اب حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں وسیع پیمانے پر تبدیلی لانے کے لیے اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور اس کی جگہ اسلام کا منصفانہ و عادلانہ نظام رائج کیا جائے۔