سجاول، سولر اسٹریٹ لائٹس صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بندہوگئیں

88

سجاول (نمائندہ جسارت) 2014ء میں روشن سندھ پروگرام کے تحت رورل ڈیولپمنٹ سندھ کی جانب سے سجاول ضلع کے شہروں جاتی، بٹھورو، دڑو اور سجاول میں لگنے والی سولر اسٹریٹ لائٹس صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بندہوگئیں، رات کو بجلی بندش کے دوران سولر لائٹوں سے شہرکو روشن رکھا جاتا ہے، سابقہ ڈی سی زبیرچنا کی کوشش سے سجاول کے اہم چوراہوں اور مین روڈ پر ایک سو چالیس سولر اسٹریٹ لائٹس لگائی گئیں، جبکہ کمپنی سے تین سال صفائی کا معاہدہ بھی کیا گیا تھا، جس کے بعد اب یہ لاکھوں روپے کی اسٹریٹ لائٹس اب لاوارث بن گئی ہیں، ان کی مرمت نہ ہونے سے بند ہورہی ہیں، جس سے رات کو بجلی نہ ہونے کی صورت میں کاروبار متاثرہونے کے علاوہ شہرمیں جرائم میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ یہ اسٹریٹ لائٹس ٹائون کمیٹی سجاول کو ہینڈ اوور ہونا تھیں جوکہ نہ ہوسکی ہیں۔ اس طرح ان کی مرمت کی ذمے داری کوئی اٹھانے کو تیار نہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹائون انتظامیہ بھی ان سے لاتعلق بنی ہوئی ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور دیگر حکام سے اپیل کی ہے کہ سولر اسٹریٹ لائٹس کی اس سہولت کو بحال رکھنے کے اقدامات کیے جائیں اور معمولی مرمت کا انتظام کرکے ان کا انتظام کسی ادارے کے حوالے کیا جائے تاکہ ان کی مستقل دیکھ بحال ہوسکے۔